ٹرمپ کی کامیابی کا پاکستان سے کوئی لینا دینا نہیں ،آغاسراج درانی

کراچی (صباح نیوز)سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کا پاکستان سے کوئی لینا دینا نہیں ۔کراچی کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ ٹرمپ کے پاکستانی معاملات سے متعلق جو شوشہ چھوڑا گیا ہے اس کی کوئی حقیقت نہیں، ہمارا اپنا قانون ہے اور امریکہ کا اپنا قانون ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کبھی بھی فرینڈلی نہیں ہوتی، اگر اپوزیشن کو ہاﺅس میں موقع نہیں ملے گا تو باہر بولیں گے، بہتر ہے اپوزیشن ہاﺅس میں اپنی بھڑاس نکال لے۔اپنے کیس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ 6 سال ہوگئے ہیں اسی طرح کیس چل رہا ہے، عدالت جب بلاتی ہے حاضر ہوتے ہیں۔سابق اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ پہلے بھی مقدمات کا سامنا کیا ہے، اگر مقدمات مقررہ مدت میں نمٹائے نہیں جاتے تو انہیں ختم کر دینا چاہیے، تاریخ پر تاریخ کا مقصد ہی یہی ہوتا ہے کہ عدالتوں میں آتے رہیں، 30 سال سے میڈیا ٹرائل ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں