بلوچستان بورڈ کا صوبے بھر کے تمام یتیم طلباء کیلئے امتحانی فیس معاف کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ(این این آئی) حکومت بلوچستان کا تعلیم کے میدان میں ایک اور احسن اقدام، بلوچستان بورڈ نے صوبے بھر کے تمام یتیم طلباءکے لئے امتحانی فیس معاف کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ بلوچستان بورڈ کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق بلوچستان انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ نے یتیم طلباءکے لیے ایک قابل ستائش فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ان کی امتحانی فیس معاف کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیٹی کے 180 ویں اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ پالیسی کے مطابق، یہ اقدام 2026 کے امتحانی سال سے نافذ ہوگا، فیس معافی کا اطلاق ان طلباءپر ہوگا جو ریگولر ہیں اور جن کے والد کا انتقال ہو چکا ہے، جس کے لیے انہیں نادرا سے تصدیق شدہ وفات کا سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہوگا۔ تاہم یہ سہولت صرف مقررہ فیس تک محدود ہوگی اور لیٹ فیس، ڈبل یا ٹرپل فیس والے کیسز پر لاگو نہیں ہوگی۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل مضامین کے امتحانات کے لیے بھی یہ سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔ یہ اقدام بلوچستان کے تعلیمی نظام میں معاشی طور پر کمزور طلباءکے لیے مواقع پیدا کرنے اور ان کے مالی بوجھ کو کم کرنے کی ایک اہم کاوش ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں