تحریک انصاف کاقافلہ اٹک پل پہنچ گیا، اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کارکنان اور پولیس میں جھڑپیں
(مانیٹر نگ ڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی ’فائنل کال‘ کے لیے احتجاجی قافلہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں اٹک کے قریب پہنچ چکا ہے، اس کے علاوہ دیگر صوبوں اور شہروں سے بھی پی ٹی آئی کارکنان اسلام آباد کے لیے نکلے ہیں۔تاہم اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے مابین جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔اسلام آباد پولیس کا دعویٰ ہے کہ کھنہ پل کے مقام پر مظاہرین نے پولیس پر شدید پتھراؤ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ مظاہرین کی جانب سے پولیس گاڑی پر شدید پتھراؤ جاری ہے۔اس سے قبل شمس آباد کے مقام پر پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے درمیان تصادم ہوا۔پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کر رہی ہے اور پی ٹی آئی کارکنان پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا ہے۔ تاہم بی بی اس کی تصدیق کرنے سے قاصر ہے۔نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاری کا سلسلہ بھی جاری ہے اور مجموعی طور پر اب تک پی ٹی آئی کے 380 کارکنوں کو مختلف مقامات سے حراست لیا گیا ہے۔اسلام آباد کی انتظامیہ کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیشِ نظر فیض آباد انٹرچینج پر رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔