مطیع اللہ جان پر عائد الزامات ایک مذاق ہے، رضا ربانی

اسلام آباد (این این آئی)سابق چیئرمین سینیٹ اور رہنما پیپلز پارٹی رضا ربانی نے صحافی مطیع اللّٰہ جان کی گرفتاری کو بلاجواز قرار دے دیا۔میڈیا سے گفتگو میں انہوںنے کہاکہ سینئر صحافی مطیع اللّٰہ جان پر عائد الزامات ایک مذاق ہیں۔سینئر صحافی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ وفاقی پارلیمانی نظام کی اصل روح جمہوری اداروں کو مضبوط بنانا ہے۔پی پی پی رہنما نے بتایا کہ وفاقی پارلیمانی نظام کی اصل روح سول حکمرانی کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور مکالمے کو فروغ دینا ہے۔سابق چیئرمین سینیٹ کے مطابق اظہارِ رائے اور احتجاج آئین میں فراہم کردہ ایک بنیادی حق ہے، لیکن احتجاج قانون کے دائرے میں رہ کر ہونا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ یہ حق سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے تشدد کا جواز نہیں بن سکتا، ریاست کی رٹ نافذ کرنے کے بعد حکومت کو سیاسی مذاکرات کی طرف بڑھنا چاہیے۔سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ گورنر راج کا نفاذ کوئی حل نہیں۔ اس کے لیے آئین کے آرٹیکل 232 یا 234 کے تقاضے پورے نہیں ہو رہے، گورنر راج سیاسی طور پر دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہو گا، اس سے پولرائزیشن بڑھے گی۔رضا ربانی نے کہا کہ ایک ایسے صوبے میں سیاسی عدم استحکام میں اضافہ ہو گا جہاں دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔انہوں نے سوال ا±ٹھاتے ہوئے کہا کہ ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے، نیشنل عوامی پارٹی اور کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان پر پابندی لگائی گئی، اس کے نتائج کیا نکلے؟انہوںنے کہاکہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگانا بھی کوئی حل نہیں، وہ سیاسی جماعت کسی اور نام سے دوبارہ وجود میں آ جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں