احتجاج سے افغان شہریوں کو گرفتار کیا ہے، تمام غیرملکی پاکستان کے سیاسی معاملات سے دور رہیں، ممتاز زہرا بلوچ

ا سلام آباد (آئی این پی )دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے خبردار کیا ہے کہ وزارت داخلہ نے احتجاج سے افغان شہریوں کو گرفتار کیا ہے، تمام غیرملکی کو کہیں گے کہ پاکستان کے سیاسی معاملات سے دور رہیں،حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، پاکستانیوں پر متحدہ عرب امارات کے سفر کی کوئی ممانعت نہیں، لبنان میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم،فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، غزہ غیر مشروط جنگ بندی کی جائے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کیمپ میں 4 کشمیری شہریوں کو دوران حراست بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کے ذمے داروں کو قرار واقعی سزا د ی جائے ۔ان خیالات کا اظہار ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کیا ۔ ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاکہ محکمہ داخلہ نے اسلام آباد میں احتجاج سے افغان شہریوں کو گرفتارکیا ہے، گرفتار افغان شہریوں کی تفصیلات وزارت داخلہ جاری کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ غیر ملکی شہریوں کی پاکستانی سیاسی احتجاجات میں شرکت مکمل غیر قانونی ہے،تمام غیر ملکیوں سے کہیں گے کہ پاکستان کے سیاست معاملات سے دور رہیں۔ترجمان نے بتایا کہ بیلاروس کے صدر نے وزیر اعظم کی دعوت پر دورہ کیا جس میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی، فریقین نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بات چیت کی، اس موقع پر متعدد معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط بھی ہوئے۔ ترجمان نے بتایا کہ بیلاروسی وفد کے دورے میں 2025-2027 کی مدت کے لیے جامع تعاون کے روڈ میپ پر بھی دستخط کیے گئے۔ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق اس وقت روس کے سرکاری دورے پر ہیں، ایاز صادق وہاں پر دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے جبکہ پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایم او یو پر دستخط بھی کیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان لبنان میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے، ہم لبنان کی خود مختاری کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار 2 تا 3 دسمبر ایران کا دورے کریں گے جہاں وہ سی سی او کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شریک ہوں گے ۔ پاکستان فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتا ہے، عالمی برادری فلسطینیوں کی نسل کشی کوروکنے کے لیے فوری اقدامات کرکے ا سرائیل کو جارحیت اور نسل کشی پرجوابدہ ٹھہرائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان فلسطین میں غیر مشروط جنگ بندی کامطالبہ کرتا ہے، پاکستان لبنان میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے ہفتے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بھارتی فوج کے کیمپ میں 4 کشمیری شہریوں کو دوران حراست بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، واقعے کے باعث میں کشمیریوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، پاکستان واقعے کے ذمے داروں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی،اخلاقی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ صحافی مطیع اللہ جان کی گرفتاری کے خلاف برطانیہ کے بیان سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ مطیع اللہ جان کو جن حالات میں گرفتار کیا گیا اس پر وزارت اطلاعات تبصرہ کر سکتی ہے۔یک سوال پر ترجمان نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان اور تحریک طالبان پاکستان کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ حکومت کئی مواقع پر کہہ چکی ہے کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات ہزاروں متاثرہ خاندانوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا پاکستانیوں پر متحدہ عرب امارات کے سفر کی کوئی ممانعت نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں