کورونا ختم نہیں تھما ہے،سیلابی صورتحال کا سامنا ہے،بلوچستان حکومت
کوئٹہ:حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے سانحہ8اگست کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے شہید وکلاء کے اہل خانہ کی معاونت اور بچوں کی تعلیم کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں،بلوچستان میں مون سون بارشوں سے سیلابی صورتحال کا سامنا ہے،وزیراعلی نے متعلقہ محکموں کو مشینری کواستعمال کرکے امدادی کاموں کی ہدایت کردی ہے متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ، دیگر سامان پہنچایا جارہاہے،کورونا وائرس تھما ہے ختم نہیں ہوا،عوام احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل پیرا رہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت شاہوانی نے کہاکہ بلوچستان میں مون سون بارشوں سے سیلابی صورتحال کا سامنا ہے بہت سارے ڈیمز میں اوور فلو ہورہاہے، اب تک بارشوں سے تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں، لیاقت شاہوانی نے کہاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے کو پہلے سے ہی الرٹ کردیاگیاہے بلکہ ریسکیو ٹیمیں بھی الرٹ ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان خود تمام تر صورتحال کی نگرانی کررہے ہیں،تمام اضلاع کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے،انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے بنیادی خوراکی اشیاء کی فراہمی یقینی بنا دی،حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ ہنگامی حالت میں عوام کو مکمل ریلیف فراہم کیاجاسکے،پی ڈی ایم اے کو مشینری کی فراہمی کے علاوہ دیگر کیلئے فنڈز ریلیز کردئیے گئے ہیں،گوادر، بولان میں سڑکیں بند ہوگئی ہیں جنہیں کھولنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، لیاقت شاہوانی نے کہاکہ 4 سال قبل سول اسپتال دھماکے میں وکلا شہید ہوئے جنہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، شہید وکلا کے اہل خانہ کی معاونت کیلئے بلوچستان حکومت نے اقدامات کئے،56شہداء میں سے 33شہداء کے خاندانوں کے 108بچوں کو تعلیمی اسکالرشپ کی مد میں مد میں 73 لاکھ روپے فراہم کئے گئے، لیاقت شاہوانی نے کہاکہ کورونا وائرس ختم نہیں ہوئی صرف تھما ہے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرے،انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستان کی جانب سے کورونا وائرس کے تدارک کے ساتھ ساتھ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے بھی اقدامات کررہی ہے،صوبے میں ٹڈی دل تقریباََ ختم ہوچکی ہے۔


