جنازے پر چھاپہ زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف،تمام گرفتار افراد کو رہا کیا جائے،پی ٹی آئی بلوچستان

کوئٹہ(یو این اے )پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے سابق صوبائی سینئر نائب صدر اور ممتاز قبائلی شخصیت ” سید صادق آغا ” نے بلوچستان کے رہنماں سالار خان کاکڑحاجی محمد عنایت اللہ، محمد شفیع ،شاہنواز کھرل اور دیگر افراد کو 24 نومبر کے واقعات کے تناظر میں بے بنیاد مقدمات کے تحت گرفتار کرنے اور صوبائی صدر داد شاہ کاکڑ کی گرفتاری کیلئے ” شہید عبدالرشید ” کے جنازے پر چھاپہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اورکہا ہے۔ کہ اس طرح کے اقدامات انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کرنے کے مترادف ہیں۔ سید صادق آغا نے کہا۔ کہ فارم 47 کی پیداوار حکومت اور انتظامیہ کو ایسے غیر منصفانہ اور جابرانہ اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو عوام میں انتشار پیدا کریں گرفتار شدگان کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ ذمہ داروں کا تعین ہو سکے۔ انھوں نے کہاکہ ایسے اقدامات عوام کے جمہوری حقوق کے منافی ہیں اور امن و امان کو خراب کرنے کی سازش کے مترادف ہیں۔ ایسے واقعات سے عوام میں احساس محرومی اور بداعتمادی میں اضافہ ہو رہا ہے، جو ریاست اور عوام کے درمیان فاصلے بڑھانے کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پہلے ہی مختلف مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں، شہید عبد الرشید کے بھائی کو جنازے تک میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس طرح کے غیر ضروری اقدامات ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ طاقت کے بے جا استعمال سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں اختلاف رائے کا احترام ضروری ہے اور اسے دبانے کی کوشش کرنا جمہوری اقدار کے خلاف ہے۔ سید صادق آغا نے قومی و بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس صورت حال کا نوٹس لیں اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو اجاگر کریں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ گرفتار شدگان کو فوری رہا کرے اور شہید عبدالرشید کے جنازے پر چھاپے جیسے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔