مذاکرات کی پیشکش پر حکومت کے جواب کا انتظار ہے،اسد قیصر

پشاور: (انتخاب نیوز) رہنما تحریک انصاف و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مذاکرات کی پیشکش پر حکومت کے جواب کا انتظار ہے۔پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف جو بھی ایف آئی آرز ہورہی ہیں سب میں دہشتگردی اور بغاوت کی دفعات لگائی جارہی ہیں، آپ خود مکس کررہے ہیں کہ کون دہشتگرد ہے، آپ ایک سیاسی کارکن پر دہشتگردی کی دفعات لگارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس نہ کوئی عقل ہے نہ سوچ اور نہ سنجیدگی، حکومت دہشتگردی پر فوکس نہیں کرپارہی، ان کا سار افوکس پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ہے، تمام ادارے پی ٹی آئی کو دبانے کیلئے اپنی تمام کاوشیں کررہے ہیں۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دیکھیں کیا صورتحال ہے ،حکومت کی رٹ ختم ہوگئی ہے، ہمارے صوبے خیبرپختونخوا کے حالات بھی دیکھ لیں، ان کے پاس اتنا وقت ہی نہیں کہ اصل ٹارگٹ پر فوکس رکھیں، ہم جمہوری لوگ ہیں،قانون و آئین پر یقین رکھتے ہیں۔سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم دہشتگردی کی دفعات کی مذمت کرتے ہیں، انہوں نے دہشتگردوں کے بجائے سیاسی ورکرز پر فوکس رکھا ہوا ہے، زبردستی پی ٹی آئی کارکنان کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، اگر آپ کا خیال ہے ایسے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا تو یہ غلط فہمی ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم اپنی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے، ہمارے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، ہمارا مطالبہ ہے 9 مئی اور 26 نومبر کو جو ہوا اس کی جوڈیشل کمیشن بناکر انکوائری کی جائے، پاکستان سب کا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں