بانی پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی کال ملک دشمنی ہے، جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ(یو این اے )پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی کال ملک دشمنی ہے ،پاکستان ترقی کی راہ پرگامزن ہے ،اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رحجان جبکہ مہنگائی کم ہور ہی ہے لیکن بدقسمتی سے چند لوگ سیاسی مفاد کی خاطر ملک کو دائو پر لگا رہے ہیں ،شرپسندوں کی جانب سے ملکی استحکام کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے قانون کواپنے ہاتھ میں لینے کا کوئی بھی ملک اجازت نہیں دے سکتا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہاکہ پاکستان کے لئے سیاسی استحکام ضروری ہے اسلام آباد پر چڑھائی کی ناپاک کوشش اور توڑ پھوڑ کرنے کی جو سازش پاکستان کے خلاف کی گئی وہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے ،جمال شاہ کاکڑ نے سول نافرمانی کی کال کو بدقسمتی قراردیتے ہوئے کہا کہ اس سے بڑی دشمنی پاکستان کے ساتھ کیا ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں قائد میاں محمد نوازشریف کے وژن کے مطابق معاشی طورپر ترقی کی راہ پرگامزن ہے ،پاکستان معاشی صورتحال میں بہتری کے ساتھ اپنا مقام ضرور حاصل کر یگا۔، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے، معاشی استحکام کے لئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔وزیراعظم شہبازشریف قائدمیاں محمد نوازشریف کے وژن کو آگے بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں،جنہوں نے عوام کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدوں کو پایاتکمیل تک پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی انتھک جدوجہد کے باعث پاکستان خوشحالی کا گہواہ بن رہا ہے اور عوام کو بھرپور ریلیف میسر ہے ملکی ترقی کے اس عمل کو بریک لگنے نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں