جامعہ بلوچستان کی نومنتخب کابینہ کا پہلا اجلاس، اساتذہ کی فلاح و بہبود کیلئےاہم فیصلے

کوئٹہ(یو این اے ) جامعہ بلوچستان کی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کا پہلا اجلاس پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب صدر ڈاکٹر شبیر احمد شاہوانی، جنرل سیکرٹری فرید خان اچکزئی، پریس سیکرٹری رحمت اللہ اچکزئی اور دیگر ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں جامعہ بلوچستان کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا، جن میں نومبر کی تنخواہوں اور پینشنز کی عدم ادائیگی، بلوچستان یونیورسٹیز ایکٹ 2022 میں کی جانے والی ترامیم اور یونیورسٹی کے کالونی میں گیس کی شدید قلت شامل ہیں۔ کابینہ نے وزیر اعلی بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ اپنے احکامات کے مطابق صوبائی سیکرٹری فنانس کو ہدایت دیں کہ فوری طور پر تنخواہیں اور پینشنز کی ادائیگی کی جائے اور آئندہ بھی یہ عمل بروقت یقینی بنایا جائے اس کے علاوہ، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری 12 دسمبر بروز جمعرات کو دن گیارہ بجے یونیورسٹی کے ایڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔ تمام اساتذہ کرام سے اپیل کی گئی کہ وہ اس اہم تقریب میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔یہ اجلاس اس بات کا غماز ہے کہ نومنتخب کابینہ اساتذہ کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور جامعہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے تیزی سے اقدامات کرے گی۔