بسیمہ ، کیسکو کے طویل لوڈ شیڈنگ ، شہری شدید سردی میں ٹھٹھرتے رہ گئے
بسیمہ(نمائندہ خصوصی)بسیمہ سب ڈویژن میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ، سٹی فیڈر پر اٹھارہ گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ کئی مہینوں سے جاری،سینکڑوں غیر قانونی ذرعی ٹیوب ویلوں اور آٹا چکیوں سے ماہانہ لاکھوں روپے بھتہ لے کر گریڈ میں گرنے والے یونٹس غریب صارفین پر ڈال کر کم ریکوری کا بہانہ بنا رہے ہیں تفصیلات کے مطابق بسیمہ میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ،سٹی فیڈر پر اٹھارہ جبکہ دیہی فیڈر پر بیس گھنٹے ک طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے اور انہی چھ گھنٹوں میں بھی کبھی کبھار کام کا بہانہ بناکر تین گھنٹے بجلی بند رہتی ہے۔بجلی کے بحران سے سرکاری دفتری امور بھی ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے اور سرکاری ہسپتال میں مریض ایک ٹیسٹ یا ایکسرے کے لئے گھنٹوں کی جگہ دنوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔کیسکو عملہ اپنے شاہ خرچیوں کے لئے صارفین کی تذلیل کررہے ہیں اور سٹی فیڈر پر لگے سو سے زائد غیر قانونی ذرعی ٹیوب ویلوں اور آٹا چکیوں سے ماہانہ لاکھوں روپے بھتہ لےکر گریڈ میں گرنے والے یونٹس کو گھریلو صارفین اور سرکاری کنکشنز پر ڈال کر ان کو ریکوری کے نام پر ذلیل کررہے ہیں۔بسیمہ سب ڈویژن میں ماہانہ سو فیصد سے زائد لوگ اپنے بجلی کے بل جمع کرتے ہیں لیکن آج تک ایک بھی خراب ٹرانسفارمر سرکاری سطح پر مرمت ہوکر واپس نہیں آیا ہے جس کی واضح مثال بسیمہ شہر گذشتہ کئی دنوں سے تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے لیکن کیسکو سب ڈویژن بسیمہ کے ذمہ داران کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی۔بسیمہ کے عوامی حلقوں نے کیسکو چیف سے اپیل ہے کہ وہ بسیمہ سب ڈویژن میں جاری بھتہ خوری کا نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کاروائی کرکے عام صارفین کو طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے چھٹکارہ دلائیں۔


