قلعہ عبد اللہ میں بھتہ خوروں کی وجہ سے پورا ضلع بدنام ہو چکا ہے، زمرک اچکزئی

کوئٹہ(یو این اے )عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر زمرک خان اچکزئی نے قلعہ عبداللہ کی بڑھتی ہوئی بدنامی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھتہ خوروں کی وجہ سے پورا ضلع بدنام ہو چکا ہے، اور یہاں کے لوگ شادی اور غم کے مواقع پر بھی اپنے رشتہ داروں کے پاس جانے سے گریز کرتے ہیں۔”انجینیئر زمرک اچکزئی نے اس بات پر زور دیا کہ علاقے کی صورتحال میں فوری بہتری لانے کے لیے انہوں نے ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ، ڈی جی لیویز اور دیگر متعلقہ حکام سے درخواست کی ہے کہ لیویز کی کوئیک رسپانس فورس کو قلعہ عبداللہ میں تعینات کیا جائے۔ اس سلسلے میں وزیراعلی بلوچستان سے بھی بات کی جائے گی تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر کی جا سکے۔رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ قلعہ عبداللہ میں بدامنی اور خوف کا ماحول لوگوں کی روزمرہ زندگی پر اثرانداز ہو رہا ہے، اور یہ وقت ہے کہ حکومت فوری طور پر موثر اقدامات کرے تاکہ لوگوں کی زندگیوں میں سکون واپس لایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں