مکران میں عوام کو آزادانہ کاروبار کے مواقع فراہم کیے جائیں، جان بلیدی

کوئٹہ(یو این اے )نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور سینیٹر جان محمد بلیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس)پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ گوادر آل پارٹیز دھرنے کی حمایت کرتے ہوئے مکران میں سرکاری مداخلت کو بند کیا جائے اور عوام کو آزادانہ کاروبار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلار چیک پوسٹ اور نلینٹ چیک پوسٹ پر گاڑی مالکان کو تنگ کرنا بند کیا جائے اور بھتہ وصولی کے نظام کا خاتمہ کیا جائے۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے مکران بھر میں بھتہ وصولی کے چیک پوسٹوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پسنی فش ہاربر کے ملازمین کی تنخواہوں کی بندش افسوسناک ہے، کیونکہ چھ ماہ سے ملازمین بغیر تنخواہوں کے ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پسنی فش ہاربر کی موجودہ حالت حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور بلوچستان فنانس ڈپارٹمنٹ دانستہ طور پر ملازمین کی تنخواہوں کے اجرا میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔بلیدی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا حل نکالے اور مکران میں عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے

اپنا تبصرہ بھیجیں