امریکا کے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملے

واشنگٹن (این این آئی)امریکا نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے جس میں میزائل اورکمانڈکنٹرول تنصیبات کونشانہ بنایا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں کے زیرِ قبضہ دارالحکومت صنعا میں حملے کیے گئے، جن میں ایک میزائل سمیت کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نشانہ بنایا گیا۔امریکی سینٹرل کمانڈکے بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران امریکی فورسز نے بحیرہ احمر کے اوپر حوثی باغیوں کے کئی ڈرونز اوراینٹی شپ کروز میزائل کو بھی مار گرایا۔یاد رہے کہ اس سے قبل ہفتے کو یمن سے حوثیوں نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر میزائل حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہوئے۔اسرائیلی فوج کے مطابق اسرائیل کا فضائی دفاعی نظام یمن سے داغے گئے میزائل کو روکنے میں ناکام ہوا۔تل ابیب پر میزائل حملے کے بعد حوثی عہدیدار ہزم الاسد نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام اسرائیلی دفاعی نظاموں کی ناکامی کا مطلب ہے کہ صیہونی دشمن کا قلب اب محفوظ نہیں رہا، اربوں ڈالر کی لاگت سے بنائے گئے دفاعی نظام کا اب کوئی فائدہ نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں