غزہ میں فلسطینی ٹی وی چینل کی گاڑی پر اسرائیلی فوج کا حملہ، 5 صحافی جاں بحق

غزہ: اسرائیلی فوج نے غزہ کے ایک اسپتال میں کوریج کرنے والے صحافیوں کی گاڑی پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 فلسطینی صحافی جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا کی خبر کے مطابق اسرائیلی فوج نے نصیرات کیمپ میں واقع الاودا اسپتال میں کوریج کرنے والی القدس ٹی وی چینل کی وین پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 صحافی جاں بحق ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد براڈ کاسٹنگ وین میں آگ بھڑک اٹھی اور وین مکمل تباہ ہوگئی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جس براڈ کاسٹنگ وین پر حملہ کیا اس پر واضح طور پر پریس (Press) کے الفاظ درج تھے۔ صحافیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے مطابق گزشتہ سال 7 اکتوبر سے غزہ، مغربی کنارے، اسرائیل اور لبنان میں کم از کم 141 صحافی اور میڈیا ورکرز قتل ہو چکے اور ان میں سے 133 غزہ کے فلسطینی تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں