معاشی استحکام کیلئے ٹیکس اہداف حاصل کرنا ناگزیر ہے، وفاقی وزیر خزانہ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس کے نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں، معاشی استحکام کیلئے ٹیکس اہداف حاصل کرنا ناگزیر ہے۔وزیر مملکت علی پرویز ملک، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی موجودہ شرح 9 سے 10 فیصد ہے، ٹیکس کے نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں، معاشی استحام کیلئے ٹیکس اہداف حاصل کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ریونیو اہداف کے حصول کیلئے کوشاں ہیں، ٹیکسوں کی وصولی کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا آغاز کر چکے ہیں، جو بھی اقدامات کر رہے ہیں قوم کو ساتھ ساتھ آگاہ کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ افراط زر کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، شفافیت کے لئے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب جا رہے ہیں، ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ ایماندار ٹیکس دہندگان پر کوئی بوجھ نہ پڑے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ ترمیمی بل کا مقصد ٹیکسوں کو ساڑھے 13 فیصد تک لانا ہے، ٹیکسوں سے متعلق یہ ہدف ہم نے تین سال میں حاصل کرنا ہے، بدعنوانی اور ہراسیت کا خاتمہ ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں