فرانس، کرسمس کے موقع پر ڈرائیور نے چلتی ٹرین سے کود کر خودکشی کرلی

پیرس (آئی این پی )فرانس میں کرسمس کے موقع پر ٹرین ڈرائیور نے چلتی ٹرین سے کود کر خود کشی کرلی، جس کے بعد متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار جبکہ ہزاروں مسافر متاثر ہوئے۔ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کی قومی ریلوے کمپنی ایس این سی ایف نے کہا ہے کہ ٹرین ڈرائیور کی جانب سے ملازمت کے دوران خودکشی کی وجہ سے ریل ٹریفک کی آمد و رفت میں بڑے پیمانے پر تاخیر ہوئی ہے۔پیرس اور جنوب مشرقی فرانس کے درمیان ٹرین سروس میں تاخیر کی وجہ سے تقریبا 3 ہزار ٹرین مسافر متاثر ہوئے ہیں۔کرسمس کے موقع پر خودکشی کے بعد تقریبا 10 تیز رفتار (ٹی جی وی) ٹرینیں 5 گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں۔پیرس کے جنوب مشرق میں واقع میلون میں استغاثہ کے دفتر کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ ڈرائیور نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا کر اپنی جان دی، اس کی لاش بعد میں پٹڑیوں کے قریب ملی۔پراسیکیوٹر آفس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کنٹرول سنبھالنے والے ڈرائیور کے بغیر ٹرین کا خودکار ہنگامی سسٹم فعال ہو گیا، جس کی وجہ سے ٹرین رک گئی۔ڈرائیور کے موت کے حالات کی تحقیقات جاری ہیں، ایس این سی ایف نے ڈرائیور کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس نے چلتی ٹرین سے کود کر اپنی جان دے دی۔ایس این سی ایف نے مزید کہا کہ ٹرین میں مسافروں کی حفاظت یا نیٹ ورک میں کہیں اور خدمات کو کوئی خطرہ نہیں تھا، اب ٹرینوں کی آمدورفت بتدریج بحال ہو رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں