مذاکرات ہی مسائل کا حل، پی ٹی آئی کے ڈیڈ لائن سے قبل معاملات طے پا جائیں گے، عرفان صدیقی
اسلام آباد (این این آئی)حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ڈیڈ لائن سے قبل معاملات طے پا جائیں گے، حکومت مذاکرات کے لیے 31 جنوری کی ڈیڈ لائن سے قبل ہی بات چیت مکمل کر لے گی۔انہوں نے ایک انٹرویومیں کہا کہ میں پی ٹی آئی کے جذبات اور مطالبات تسلیم کرتا ہوں، میں محسوس کر سکتا ہوں کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ بات چیت طویل نہ ہو اور مطالبات وقت پر پورے ہوں، ہماری خواہش ہے کہ 31 جنوری سے پہلے معاملات طے پا جائیں۔سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا کہ چیزوں کو پیچیدہ بنانا حکومت کے حق میں نہیں ہے، حکومت پی ٹی آئی کے مطالبات کو دیکھے گی، چاہے انہیں پورا کرنا مشکل کیوں نہ ہو۔انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں، بات چیت کے ذریعے ہی ملک 1971 میں سقوط مشرقی پاکستان سے اپنی افواج کو واپس لانے میں کامیاب ہوا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کمیٹی سے باہر کے رہنماؤں کے بیانات سے مذاکرات متاثر نہیں ہوں گے۔ترجمان مذاکراتی کمیٹی نے کہا کہ وہ پر امید ہیں اور جب لیڈر مل بیٹھیں گے تو مسائل حل ہو جائیں گے، اگر دونوں کمیٹیاں کسی نتیجے پر پہنچ جاتی ہیں تو ہمارے پاس تجاویز ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذاکرات کی کامیابی فریقین کے اتفاق رائے کا تقاضا کرتی ہے جہاں وہ اپنے مطالبات پیش اور کچھ کو تسلیم کریں گے۔


