کوئی سمجھتا ہے کہ پیپلزپارٹی حکومت گرائے گی تو ایسا بالکل نہیں ہوگا، رانا ثنااللہ

اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر اعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ پیپلزپارٹی حکومت گرائے گی تو ایسا بالکل نہیں ہوگا،آصف زرداری پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو کو ایک لائن کراس نہیں کرنے دیں گے، آصف زرداری بڑے معاملہ فہم ہیں، ان کو پتا ہے اگر سسٹم گرے گا تو کچھ نہیں بچے گا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ٹھیک چل رہی ہے اور پیپلزپارٹی سیاست بھی ٹھیک کررہی ہے، ہم اس بات کو سمجھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نے پچھلے دنوں جو اسٹینڈ لئے ہیں اس پر ان کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوا ہے، سندھ میں پانی کے مسئلے پر کھڑے ہوئے، اگر کوئی یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں گرائیں گے ایسا نہیں ہوگا، پیپلزپارٹی حکومت گرانے کی طرف نہیں جائے گی۔انہوں نے کہا آصف زرداری بڑے معاملہ فہم ہیں، وہ عصر حاضر کے تقاضوں کو گہرائی میں سمجھتے ہیں، ان کو ہر چیز کا معلوم ہے، بلاول بھٹو اور پیپلزپارٹی کو وہ ایک لائن بھی کراس نہیں کرنے دیں گے۔ لیکن اس میں مصیبت یہ ہے ، میرا خیال ہے کہ بلاول بھٹو آصف زرداری کا نہیں بے نظیر بھٹو کا بیٹا ہے، اس لئے ان کو کوئی نہ کومشکل تو پیش آتی رہے گی۔یہ میں اس لئے کہتا ہوں کہ آصف زرداری سسٹم کو گرنے نہیں دیں گے، کیونکہ وہ سمجھتے ہیں اگر سسٹم گرے گا تو کچھ نہیں بچے گا۔ اسی طرح مولانا فضل الرحمان بھی بڑے سینئر اور سمجھدار سیاست دان ہیں، وہ بھی اس لائن کو کراس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا موجودہ صورتحال میں شہبازشریف نے جس طرح محنت کی اور سب کو جوڑے رکھا، ملک کو معاشی بحران سے نکالا، ابھی ہم مستحکم نہیں ہوئے۔ وزیراعظم شہبازشریف ہی واحد وزیراعظم ہیں جو ملک کو مشکل سے نکال سکتے ہیں، یہ بات زرداری اور مولانا دونوں سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اگر مولانا فضل الرحمان کو ساتھ رکھتی ، تو پھر 24نومبر کا واقعہ نہ ہوتا۔ 24 نومبر والا معاملہ خود کش حملہ تھا جس کا پی ٹی آئی نے خود اپنا نقصان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں