پاکستان پہنچنے والی امریکی خاتون جناح ہسپتال کے نفیساتی وارڈ میں داخل

پاکستانی نوجوان سے شادی کی خواہش مند امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنس کو کراچی کے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔’آج نیوز’ کے مطابق گزشتہ روز امریکی خاتون کا مبینہ بیٹا بھی منظر عام پر آیا تھا، جس نے ویڈیو بیان میں اپنی ماں کو ذہنی مریضہ قرار دیا تھا ۔امریکی خاتون کے مبینہ بیٹے نے اپنا نام جیریمیا انڈریو رابنسن بتایا اور اپنا برتھ سرٹیفیکیٹ بھی ویڈیو میں دکھایا تھا۔لڑکے کا کہنا تھا کہ میری والدہ اونیجا اینڈریو رابنسن ذہنی مریضہ ہیں۔ویڈیو بیان میں جیریمیا اینڈریو رابنسن کا مزید کہنا تھا کہ میری والدہ ایک شخص اور اس کے اہل خانہ سے ملنے پاکستان گئی تھیں۔انہوں نے بتایا تھا کہ والدہ کو دو ہفتے بعد وطن واپس آنا تھا، تاہم وہ نہیں آئیں۔خاتون کے مبینہ بیٹے کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اور میرے بھائی نے والدہ کے لیے واپسی کا ٹکٹ بھی خریدا تھا، تاہم وہ نہیں آئیں۔مبینہ بیٹے کے بیان کے بعد پاکستان پہنچنے والی خاتون کو جناح ہسپتال کے نفسیاتی وارڈ میں داخل کردیا گیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق امریکی خاتون کو گزشتہ صبح 4 بجے پولیس ہسپتال لے کر آئی تھی۔بتایا جا رہا ہے کہ خاتون کے پیروں میں بہت سوجن ہے اور وہ بہکی بہکی باتیں کر رہی ہیں، ہسپتال میں ان کے مختلف ٹیسٹس کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ 33 سالہ اونیجا اینڈریو رابنسن کو گارڈن کراچی کے 19 سالہ ندال میمن سے محبت ہوگئی تھی، سوشل میڈیا پر محبت میں مبتلا خاتون 11 اکتوبر کو کراچی پہنچی تھی، 19 سالہ ندال میمن مبینہ طور پر راضی تھا تاہم اس کے گھر والوں نے امریکی خاتون سے بیٹے کی شادی کرانے سے انکار کر دیا تھا۔خاتون گزشتہ کئی ماہ سے کراچی میں ہیں، تاہم وہ گزشتہ ہفتے سامنے آئی تھیں اور سوشل میڈیا پر ان کی متعدد ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں