فلسطینیوں کی الگ ریاست کے بغیر اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں کرینگے، سعودی عرب

ریاض (مانیٹر نگ ڈیسک) سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی الگ ریاست کے بغیر اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں کرے گا۔تفصیلا ت کے مطا بق سعودی وزارتِ خارجہ نے بدھ کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینیوں سے متعلق اس کا مؤقف غیر متزلزل ہے۔بیان میں فلسطینیوں کو ان کی زمین سے بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز‘ کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے مؤقف کی واضح اور غیر مبہم انداز میں تصدیق کی ہے جس کی کسی بھی صورت میں کوئی اور تشریح نہیں کی جا سکتی۔سعودی عرب کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر آیا ہے جب اسرائیل کے وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو امریکہ کے دورے پر ہیں اور منگل کو انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ کیا سعودی عرب فلسطینی ریاست کا مطالبہ کر رہا ہے؟ تو اس پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نہیں وہ ایسا مطالبہ نہیں کر رہے۔پریس کانفرنس میں اسرائیلی وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان امن نہ صرف ممکن ہے بلکہ ایسا ہونے والا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے یکسو ہے اور امریکی صدر ٹرمپ بھی ایسا کرنے کے لیے یکسو ہیں۔ان کا دعویٰ تھا کہ سعودی قیادت بھی اس میں دلچسپی رکھتی ہے۔ ان کے بقول ’’مجھے لگتا ہے کہ ہم کامیاب ہوں گے۔‘‘

اپنا تبصرہ بھیجیں