چمن اور پشین میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، دستی بم، اسلحہ اور گولا بارود برآمد
کوئٹہ(یو این اے ) سرحدی شہر چمن اور پشین میں فورسز کی کارروائیاں، تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا، بھاری اسلحہ اور بارود برآمد۔سیکیورٹی فورسز نے چمن میں تخریب کاری کا ایک منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں گولا، بارود اور مواصلاتی آلات برآمد کرلیے ہیں۔ فورسز کی کارروائی کے دوران مائنز، راکٹ لانچر، دستی بم اور دیگر خطرناک اسلحہ برآمد کیا گیا۔ذرائع کے مطابق، کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے پرائما کارڈ، سیفٹی پن، اینٹی ایئر کرافٹ مارٹر گولے اور سیٹلائٹ فون بھی برآمد کیے گئے۔ یہ اسلحہ اور گولا بارود دہشت گردی کی بڑی کارروائی میں استعمال ہونے والے تھے، تاہم فورسز کی بروقت کارروائی نے اس منصوبے کو ناکام بنادیا۔دوسری جانب پشین میں بھی ایک اہم واقعہ پیش آیا، جہاں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کمپلیکس کے باہر خود ساختہ بم برآمد ہوا۔ لیویز ذرائع کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنا دیا۔ یہ بم سیمنٹ بلاک میں نصب کیا گیا تھا اور ممکنہ طور پر بڑی تباہی کا سبب بن سکتا تھا۔سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں نے دہشت گردی کے خطرے کو ناکام بنایا، جس سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔


