تعلیمی اداروں کو ریاست مخالف عناصر کی نرسریاں بننے نہیں دیں گے، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو عالمی، قومی اور علاقائی حالات سے مکمل آگاہی حاصل ہونی چاہیے تاکہ وہ حقیقت اور پروپیگنڈے میں فرق کر سکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں لسبیلہ زرعی یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے طلبہ اور فیکلٹی ممبران سے ملاقات کے دوران کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نوجوانوں کو صوبے کی سیاسی، سماجی اور جغرافیائی تاریخ سے آگاہ ہونا ضروری ہے تاکہ وہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، درپیش چیلنجز اور حکومتی اقدامات کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے اس دور میں نوجوانوں پر سچائی جانچنے کی بھاری اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے بدقسمتی سے بے بنیاد پروپیگنڈوں کے ذریعے نوجوانوں کو ریاست سے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ سوشل میڈیا کے منفی استعمال، پرتشدد رویوں اور سوشل موبلائزیشن کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے خبردار کیا کہ ریاست پاکستان کے خلاف بیرون ملک سے منظم سوشل میڈیا نیٹ ورکس چلائے جا رہے ہیں جن کے ذریعے نوجوانوں کی ذہن سازی کر کے انہیں ریاست مخالف بیانیے کا حصہ بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا موبلائزیشن کے ذریعے ریاست مخالف عناصر کی بھرتیاں کی جاتی ہیں، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا سہارا لے کر نوجوانوں کو منفی سمت میں دھکیلا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ جب انٹرنیٹ پر بلوچستان کو سرچ کیا جاتا ہے تو بلوچستان کے ساتھ تشدد کا تاثر دیا جاتا ہے جبکہ یہاں ہونے والی ترقی اور مثبت پہلو سرچ انجن میں اولین ترجیح کے طور پر ظاہر نہیں ہوتے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نوجوانوں کو ریاست کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ادارک ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذہب اور قوم پرستی کے نام پر کی جانے والی دہشت گردی میں کوئی فرق نہیں ہے اور ہمیں کنفیوڑن سے نکل کر قومی یکجہتی کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے لڑنا ہوگا انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں بدقسمتی سے سیاسی مفادات کی خاطر حقائق کے برعکس ریاست مخالف مقبول بیانیہ کو ترجیح دی جاتی ہے ہم سب کو سیاسی اور انفرادی مفادات سے بالاتر ہو کر ریاست کا سوچنا ہوگا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے خبردار کیا کہ اگر کوئی پرتشدد راستے پر چلے گا تو ریاست اپنا کام کرے گی انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جیت ریاست کی ہوگی، میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو ریاست مخالف عناصر کی نرسریاں بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک اپنے شہریوں کو سڑکوں پر بیٹھ کر ریاست توڑنے کی باتیں کرنے کی اجازت نہیں دیتا ریاست کی سلامتی سب سے زیادہ اہم ہے اور کسی بھی سیاسی یا انفرادی مفاد سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ غیر متوازن ترقی بلوچستان ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے انہوں نے اعتراف کیا کہ بلوچستان میں گزشتہ کئی دہائیوں کے مسائل کو چند سالوں میں حل کرنا ایک مشکل چیلنج ہے مگر حکومت گڈ گورننس کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کیلئے پوری تندہی سے کوشاں ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں میرٹ پر نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں روز اول ہم نے یہ واضح کر دیا تھا اور اپنی بات پر قائم ہیں کہ بلوچستان میں کوئی نوکری فروخت نہیں ہوگی صوبے کی تاریخ میں پہلی بار محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت میں شفاف بھرتیاں کی گئیں، جس کے نتیجے میں مند جیسے پسماندہ علاقے میں پہلی بار لیڈی ڈاکٹر تعینات ہوئی اور پشین میں ایک غریب سوئپر کی بیٹی بطور ٹیچر منتخب ہوئی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے طلبہ باصلاحیت ہیں اور حکومت ان کے لیے ترقی کے مواقع فراہم کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طالب علموں کے لئے صوبائی حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھول دئیے ہیں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکالرشپ پروگرام بلوچستان سے شروع کیا گیا ہے جس کے تحت بینظیر بھٹو اسکالرشپ کے ذریعے میٹرک سے پی ایچ ڈی تک کے طلبہ کو تعلیمی وظائف دیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بچیاں بھی باصلاحیت ہیں اور خواتین انتظامی افسران نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ منفی پروپیگنڈے سے دور رہیں اور اپنے علم، صلاحیت اور کردار کو ملک کی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار سب سے اہم ہے اور حکومت اس حوالے سے ان کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی اس موقع پر طلبہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے مختلف موضوعات پر سوالات بھی کئے جس پرمیر سرفراز بگٹی نے تاریخی حقائق و حوالوں پر مشتمل تفصیلی جوابات دئیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں