جان و مال کی حفاظت صرف ضرورت نہیں، ہر شہری کا بنیادی حق ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ (آن لائن) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ جان و مال کی حفاظت صرف ایک ضرورت نہیں ہے بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسا پرامن ماحول پیدا کریں جہاں خوف و ڈر اور غیر یقینی صورتحال کی بجائے امید اور احساس تحفظ پروان چڑھتے ہیں. گورنر بلوچستان نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا کہ امیر اور غریب کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج ہمیں مسقبل قریب میں کئی نئے خدشات اور خطرات سے دو چار کر سکتی ہے لہذا ہم آمن و آشتی، یکساں مواقع اور مساوی انصاف کی فراہمی کو ضرور یقینی بنائیں گے اور یہی ہماری اجتماعی خوشحالی اور بہبود کی ضرورت ہے. یہ بات انہوں نے تاجروں، شہری ایکشن کمیٹی، جیولرز اور سول سوسائٹی کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ جب ہم عوام کی عظیم اکثریت کی شرکت اور نمائندگی کو یقینی بناتے ہیں، تو ہم اپنے معاشرے کی اجتماعی دانش، تخلیقی صلاحیتوں اور اختراعات کو بروئے کار لاتے ہیں۔ وفود کے نمائندوں نے گورنر بلوچستان اپنے درپیش مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا جس پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ مجھے احساس ہے کہ اچھی طرز حکمرانی ایک آئیڈیل نہیں بلکہ ایک پریکٹیکل ضرورت ہے جس میں عدل و انصاف پر مبنی ایک ایسا نظام قائم کیا جاتا ہے جو ارباب اختیار لوگوں کو جوابدہ ٹھہراتا ہے اور عوامی حقوق و اختیارات کی پاسداری کو یقینی بناتا ہے. گڈ گورننس کے حصول میں ہمیں جن اہم چیلنجوں کا سامنا ہے. ان میں سے ایک امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ اس مقصد کا حصول حکومت اور عوام دونوں کی مشترکہ کوششوں سے ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ گورنر بلوچستان نے عوام پر زور دیا کہ وہ پائیدار امن اور ترقی کیلئے حکومتی کاوشوں میں بھرپور تعاون فراہم کریں۔