بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل جنگ میں دھکیلا جارہا ہے، آئندہ کوئی شاہراہ بند نہیں ہوگی، سرفراز بگٹی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت انتظامی افسران کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فرائض منصبی کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں ریاست مخالف پروپیگنڈا اور سرگرمیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست مخالف عناصر کو فورتھ شیڈول میں شامل کرکے منفی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی۔ بلوچستان کے ہر تعلیمی ادارے میں قومی ترانہ پڑھا اور قومی جھنڈا لہرایا جائے گا، جن تعلیمی اداروں کے سربراہان احکامات کی پابندی نہیں کرواسکتے عہدے سے دستبردار ہوجائیں۔ امن و امان کی بحالی اولین ترجیح ہے، آئندہ کوئی شاہراہ بند نہیں ہوگی، ہر ضلعی افسر اپنے علاقے میں ریاستی رٹ قائم کرنے کا ذمے دار ہے، سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ ریاست کے ہر ادارے اور ہر فرد کی جنگ ہے، ملکر لڑنا ہے۔ پالیسی حکومت دیتی ہے عملدرآمد فیلڈ افسران کی ذمہ داری ہے، کوئی افسر پالیسی پر عملدرآمد نہیں کرسکتا تو رضا کارانہ طور پر عہدے سے الگ ہوجائے۔ بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل جنگ میں دھکیلا جارہا ہے جس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ کسی چیک پوسٹ پر بھتہ گیری نہیں چلے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں