چوروں کی تصاویر لانے پر پابندی لگائی جائے، سینیٹ میں بیان پر ایمل ولی اور اپوزیشن اراکین میں تلخ کلامی

اسلام آباد (انتخاب نیوز) سینیٹ اجلاس کی کارروائی کے دوران ایمل ولی خان اور اپوزیشن اراکین میں شدید تلخ کلامی ہوئی، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ اور حکومتی اراکین نے بیچ بچاﺅ کی کوشش کی۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ انہی کے لیڈرکی بات ان کو سناﺅں گا کہ میں انہیں رلاﺅں گا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس جاری ہے، سینیٹ اجلاس کی کارروائی کے دوران سینیٹر ایمل ولی خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چوروں کی تصاویر لانے پر پابندی لگائی جائے، انہی کے لیڈرکی بات ان کو سناﺅں گا کہ میں انہیں رلاﺅں گا۔ سینیٹر ایمل ولی کے مطالبے پر پی ٹی آئی اراکین نے شدید شورشرابہ کیا اور چیئرمین ڈائس کے سامنے ایمل ولی کیخلاف احتجاج کیا۔ وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ اور حکومت اراکین نے بیچ بچاﺅ کی کوشش کی۔ سینیٹ اجلاس کے دوران اقلیتوں کے حقوق کے کمیشن کا ترمیمی بل کی شق وارمنظوری جاری کی گئی، بل وفاقی وزیرقانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش کیا۔ ایوان بالا نے ترمیمی بل کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ ترمیمی بل سے چیئرمین کی تعیناتی کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں