پاکستان اوربھارت جنوبی ایشیا میں امن کے لیے مل کر کام کریں، امریکی وزیر خارجہ کا شہباز شریف سے گفتگو
ویب ڈیسک : امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو میں زور دیا ہے کہ پاکستان اور انڈیا جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کریں۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ میں آج ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے روبیو سے بات کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے سیکریٹری روبیو کو پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ ’دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اہم کردار کا ذکر کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی اور پاکستان کو 152 ارب امریکی ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا۔‘اعلامیے کے مطابق انڈیا کے بڑھتے ہوئے اشتعال انگیز رویے کو انتہائی مایوس کن اور تشویش ناک قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انڈیا کی اشتعال انگیزی دہشت گردی بالخصوص افغان سر زمین سے سرگرم آئی ایس کے پی، ٹی ٹی پی، اور بی ایل اے سمیت عسکریت پسند گروپوں کو شکست دینے کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں سے توجہ ہٹانے کا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کی انڈین کوششوں کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا اور حقائق سامنے لانے کے لیے شفاف، قابل اعتماد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا۔انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ اںڈیا پر دباؤ ڈالے کہ وہ ایسے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے اور ذمہ داری سے کام لے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ انڈیا نے پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کا انتخاب کیا، جو پاکستان کے 240 ملین لوگوں کے لیے لائف لائن ہے۔وزیر اعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سندھ طاس معاہدے میں کسی بھی فریق کے لیے یکطرفہ طور پر دست بردار ہونے کی کوئی شق نہیں۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر تنازعے کا پرامن حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔ امریکی سیکریٹری آف سٹیٹ روبیو نے تفصیلی بات چیت پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے دونوں فریقوں کو مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔


