پاکستان نے بھارت کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی، نائب وزیراعظم ڈرون حملوں کے بعد بھارت کو جواب دینا یقینی ہوگیا، وزیر دفاع

اسلام آباد (انتخاب نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی پنجاب میں کسی بھی شہری علاقے میں کارروائی نہیں کی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی پنجاب کے کسی شہری علاقے میں کوئی کارروائی نہیں کی، ایک ذمہ دار ملک کے طور پر پاکستان نے ہر ممکن اسٹریٹیجک احتیاط کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا اپنے طے کردہ وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، بھارتی ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، بھارت نے کوئی ایڈونچر کیا تو ہماری آرمی، نیوی اور فضائیہ الرٹ ہیں۔ علاوہ ازیں وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ امریکا کی قیادت میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے عالمی کوششیں ہورہی ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ امریکا، بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے عالمی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے۔ وزیردفاع نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود میں ڈرون کی دراندازیوں کے بعد بھارت کو جواب دینا یقینی ہوگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں