گلستان بازار میں بم دھماکا، 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان بازار میں دھماکہ، 4 افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق دھماکا جبار مارکیٹ کے قریب ہوا۔ لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے جبار مارکیٹ کی متعدد دکانیں گرگئیں، دھماکے کے باعث کئی دکانوں میں آگ بھی لگ گئی۔ ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ ریاض خان کے مطابق دھماکے میں4 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 20 افراد زخمی ہیں، جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق ایف سی قلعے کی عقبی دیوار کے ساتھ مارکیٹ بھی ہے، دھماکے کے بعد مسلح افراد اور ایف سی اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ دھماکے سے قریبی مارکیٹ میں زیادہ جانی ومالی نقصان ہوا ہے۔ علاقے میں ہیلتھ سہولیات کی کمی کے باعث زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ دھماکے کے وقت قبائلی رہنما حاجی فیض اللہ خان غبیزئی اپنے دفتر میں موجود تھے، تاہم وہ محفوظ رہے، زخمیوں میں قبائلی رہنما حاجی فیض اللہ غبیزئی کے گارڈ اور راہ گیرشامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق علاقے کو سیل کرکے سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔


