سندھ کے سرکاری محکموں و اسکولوں میں اجرک اور ٹوپی کا تحفہ دینے پر پابندی عائد
کراچی (انتخاب نیوز) حکومت سندھ نے اسکولوں میں اجرک اور ٹوپی کے تحفے پر پابندی عائد کردی، سرکاری تقریبات میں تحائف کی روایت بھی ختم کرنے کی ہدایت، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ حکومت سندھ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سکولوں میں اجرک اور ٹوپی کے تحفے پر پابندی عائد کردی، اس کے علاوہ مہمانوں کے استقبال کیلئے بچوں کو کھڑا کرنے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے ڈائریکٹرز، پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز کیلئے احکامات پر مشتمل نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق تمام ادارے پابندی کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کے پابند ہونگے۔ حکومت سندھ نے احکامات کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ واضح رہے کہ سندھ کے مختلف سرکاری محکموں اور اسکولوں میں ہونے والی تقاریب میں مہمانوں کو سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کرنے کی روایت قدیم ہے جس پر اب پابندی عائد کردی گئی ہے۔


