ریکوڈک مائننگ کمپنی کا کراچی میں پاکستان بھر کے وینڈرز کیلئے سپلائر روڈ شو کا انعقاد

کراچی (پ ر) ریکوڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) نے کراچی میں پاکستان سپلائر روڈ شو کا انعقاد کیا جس کا مقصد ملک بھر سے ممکنہ وینڈرز اور سپلائرز سے روابط قائم کرنا ہے۔ یہ روڈ شو ریکودک منصوبے کے لیے ایک مضبوط، جامع اور مسابقتی سپلائی چین کی تشکیل کےلئے آر ڈی ایم سی کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ ریکوڈک دنیا کے سب سے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے اور سونے کے ذخائر میں سے ایک ہے۔ یہ روڈ شو آر ڈی ایم سی کی سپلائی چین ٹیم کی قیادت میں منعقد کیا گیا، جس میں بلوچستان کی چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں سمیت ملک بھر سے 190 سے زائد کاروباری اداروں نے شرکت کی۔ شرکاءکو ریکوڈک منصوبے کا تعارف، اس کی بنیادی اقدار، خریداری کے طریقہ کار، ٹیکس نظام، کمیونٹی ڈویلپمنٹ اقدامات، ایچ آر پالیسیوں اور تعمیراتی و آپریشنل مراحل کے دوران ممکنہ شراکت داری کے مواقع سے آگاہ کیا گیا۔ یہ ایکسپو گزشتہ برس کوئٹہ میں ہونے والے اسی نوعیت کے وینڈرز ایکسپو کے تسلسل کا حصہ ہے۔ فورم کے دوران شرکاءکو سوالات کرنے، کمپنی کی توقعات کو سمجھنے اور سپلائر رجسٹریشن کے عمل سے واقف ہونے کا موقع ملا۔ آر ڈی ایم سی کے سپلائی چین منیجر، مارٹن ہیوئنس نے اس موقع پر کہا کہ یہ ایونٹ مقامی معیشت کی ترقی کے لیے ہماری وابستگی کی ایک کڑی ہے۔ ریکوڈک پاکستان کی سب سے بڑی کاپر اور گولڈ مائننگ آپریشن بننے جا رہی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ مقامی وینڈرز اور سپلائرز، جو ہمارے تکنیکی، حفاظتی اور اخلاقی معیار پر پورے اترتے ہوں، اس میں شامل ہوں۔ ہم بین الاقوامی کمپنیوں کو بھی دعوت دے رہے ہیں کہ وہ ریکودک کے ساتھ بزنس کریں اور پاکستان میں پائیدار ترقی کے مواقع میں سرمایہ کاری کریں۔ ریکوڈک مائننگ کمپنی، جو حکومت بلوچستان اور حکومت پاکستان کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے تحت کام کر رہی ہے اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ ریکوڈک کو ذمہ دارانہ کان کنی اور جامع معاشی ترقی کی ایک مثال بنایا جائے۔ سپلائر روڈ شو آر ڈی ایم سی کی شفافیت، اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت اور پاکستانی کاروباری اداروں کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کے عزم کی عملی تصویر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں