کراچی میں دسویں بار زلزلے کے جھٹکے، ملیر جیل سے سیکڑوں قیدی فرار ہوگئے
کراچی (انتخاب نیوز) کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران دسویں بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت 2.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رات 11 بج کر 16 منٹ پر محسوس کیے جانے والے زلزلے کے جھٹکوں کی گہرائی 10 کلومیٹر کے قریب تھی۔ زلزلے کے جھٹکے لانڈھی، قائدآباد سمیت دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے، کئی گھروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں اور شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے آئندہ 2 روز تک محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں کراچی میں زلزلے کے جھٹکوں کے دوران ملیر جیل سے 200 سے زائد قیدی فرار ہوگئے، 78 سے زائد مفرور قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا، فرار ہونے کے دوران ایک قیدی ہلاک، جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پیر کی رات زلزلے کے دوران نقصان سے بچنے کے لیے قیدیوں کو بیرکوں سے باہر بٹھایا گیا تھا، زلزلے کے دوران قیدیوں نے ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ حکام کے مطابق قیدیوں نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا، اور ماڑی کا گیٹ بھی توڑ ڈالا، ڈی آئی جی جیل خانہ جات حسن سہتو کے مطابق ملیر جیل میں سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، پولیس، رینجرز اور ایف سی نے ملیر جیل کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ ملیر کے مختلف علاقوں میں لانڈھی جیل سے فرار قیدیوں کی گرفتاری کے لیے مساجد میں اعلان کا سلسلہ شروع کیا گیا، اعلانات میں شہریوں سے قیدیوں کی گرفتاری میں مدد کی اپیل کی گئی۔


