بلوچستان کی مخصوص نشستوں پر لوکل گورنمنٹ انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق بلوچستان میں لوکل کونسلز کی مخصوص نشستوں (خواتین، مزدور، کسان، غیر مسلم) کے انتخابات کیلئے الیکشن شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ جس کے مطابق ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے23 جون 2025ءکو پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا اور 24 جون سے 27 جون تک امیدواروں کی جانب سے ریٹرننگ افسران کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے۔ بعدازاں 28 جون کو نامزد امیدواروں کے ناموں کی اشاعت کی جائے گی۔ شیڈول کے مطابق 30 جون سے 2 جولائی 2025ءتک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ اسی طرح 3 سے 8 جولائی تک ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔ 9 جولائی سے 11 جولائی تک ریٹرننگ افسران کے فیصلویکے خلاف ٹریبونل فیصلے کریں گے۔ شیڈول کے تحت امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست کی اشاعت 12 جولائی کو ہوگی جبکہ امیدوار 14 جولائی تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جس کے بعد 15 جولائی کو امیدواروں کے نظرثانی شدہ فہرست کی اشاعت اور امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کی جائے گی۔ شیڈول کے مطابق 3 اگست 2025ءپولنگ کا دن اور رزلٹ کا اعلان 6 اگست 2025ءکو کیا جائے گا۔ انتخابات کیلئے تقر رشدہ افسران میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، تحصیلدار، نائب تحصیلدار، اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ تعلیم و زراعت کے افسران شامل ہیں۔ تمام افسران بلوچستان کے متعلقہ اضلاع میں لوکل کونسلز کی مخصوص نشستوں (خواتین، مزدور، کسان، غیر مسلم) کے انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ انتخابات کے دوران کسی بھی قسم کی قانون کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


