پاک ایران راجئے پوائنٹ ایرانی حکام نے بند کردیا ، پنجگور میں تمام پوائنٹس سے آمدورفت پر پابندی عائد

کوئٹہ (آن لائن) پاک ایران راجئے پوائنٹ کو ایرانی حکام نے بند کردیا ذرائع کے مطابق ایران اور اسرائیل میں حالیہ جنگ کے تناظر میں ایرانی حکام نے چاغی سے متصل پاک ایران راجئے پوائنٹ کو ہرقسم کی آمد رفت کے لیے بند کردیا گیا ضلعی انتظامیہ چاغی کے مطابق ایرانی حکام نے راجئے پوائنٹ کو تاحکم ثانی بند کردیا ہے اور چاغی سے متصل پاک ایران سرحدی شہر تفتان میں ٹرانزٹ گیٹ،پاسپورٹ گیٹ معمول کے مطابق فعال ہے۔ علاوہ ازیں دانوں، چیدگی اور جیرک پروم کراسنگ پوائنٹس غیر معینہ مدت کے لیے بند، ایران اسرائیل کشیدگی کا اثرایران میں جاری غیر معمولی کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ میں ایران و اسرائیل کے درمیان بڑھتے تنا¶ کے پیش نظر ضلع پنجگور میں ایران سے متصل تمام پیدل بارڈر کراسنگ پوائنٹس، جن میں دانوں، چیدگی اور جیرک پروم شامل ہیں، غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ پنجگور کے مطابق موجودہ سیکیورٹی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ احتیاطی تدابیر کے طور پر لیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان راستوں سے نہ صرف پیدل آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے بلکہ فیول کی ترسیل (فیول کراسنگ) پر بھی مکمل طور پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر پنجگور کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ایران میں ممکنہ غیر یقینی حالات اور بین الاقوامی کشیدگی سے پیدا ہونے والے سیکیورٹی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں ایران اور اسرائیل کے مابین کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے اثرات سرحدی علاقوں تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ حالات میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔ذرائع کے مطابق پابندیاں حالات کے معمول پر آنے تک نافذ العمل رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں