وفاقی وزیر صحت اور سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس، بلوچستان حکومت کی کاوشوں سے مستقبل میں پاکستان کو پولیو فری بنانے کا عزم
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی مشترکہ زیر صدارت انسداد پولیو اجلاس۔ بلوچستان کو پولیو فری بنانے کے لیے مربوط، مو¿ثر اور قابل عمل حکمت عملی پر اتفاق۔ انسداد پولیو مہم کو عوامی رضا مندی اور تعاون سے مشروط کرنے کا فیصلہ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے اجتماعی ذمہ داری اور قومی عزم ناگزیر ہے۔ اندرون و بیرون ملک نقل مکانی انسداد پولیو مہم میں بڑی رکاوٹ ہے۔ پولیو مہم کو چیلنج سمجھ کر مو¿ثر انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔ انسداد پولیو سمیت مفاد عامہ کے معاملات میں اپوزیشن کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ پولیو کے خلاف جنگ قومی یکجہتی سے ہی جیتی جا سکتی ہے۔ عوامی حمایت کے بغیر پولیو کے خاتمے کا خواب ممکن نہیں۔ وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے بلوچستان حکومت کی انسداد پولیو کوششوں کو سراہا۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ عوامی شمولیت اور آگہی سے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنایا جائے گا۔ انسداد پولیو کی ہر مہم میں والدین اور علمائے کرام کا کردار کلیدی ہے۔ بلوچستان حکومت کی عملی کاوشوں سے مستقبل میں پولیو فری پاکستان کے اہداف کا حصول ممکن بنائیں گے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، لیڈر آف دی اپوزیشن میر یونس عزیز زہری، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمان پانیزئی، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر امین خان مندوخیل، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ خان بادینی ، ڈاکٹر آفتاب سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔


