امریکا نے حملہ کرکے ریڈ لائن عبور کرلی، جواب کا انتظار کرے، ایرانی پارلیمان نے آبنائے ہرمز بند کرنے کی منظوری دیدی
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران پر امریکی حملوں کے بعد ردعمل دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرکے امریکہ نے ریڈ لائن عبور کی ہے، ہمارے پاس کئی آپشنز ہیں، امریکہ ہمارے جواب کا انتظار کرے۔ آبنائے ہرمز بند کرنے کا حتمی فیصلہ نیشنل سیکورٹی کونسل کرے گی، ایرانی خبر رساں ادارہ کے مطابق ایرانی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد پارلیمان نے آبنائے ہرمز بند کردینے کی منظوری دیدی، حتمی فیصلہ ایرانی نیشنل سیکورٹی کونسل کرے گی۔ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی ایکس اکاﺅنٹ پر کی گئی پوسٹ کے مطابق پارلیمان کی قومی سلامتی کمیشن کے رکن میجر جنرل کوثری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ آبنائے ہرمز کو بند کردیا جائے۔ تاہم میجر جنرل کوثری نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو بند کردینے کا حتمی فیصلہ سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کرے گی۔


