حکومت کو چلنے نہیں دیں گے، ایک ہفتے کے نوٹس پر اسلام آباد پر قبضہ کرسکتے ہیں، مولانا فضل الرحمن
پشاور (انتخاب نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے نہ اس حکومت کو چلنے دیا تھا نہ اس حکومت کو چلنے دیں گے۔ بٹگرام میں شعائر اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ 2018 کی طرح 2024 کے الیکشن کو بھی تسلیم نہیں کیا، یہ الیکشن بھی دھاندلی زدہ ہیں جب کہ دھاندلی کے الیکشن اور دھاندلی کی حکومتوں میں کرپشن کا گلہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومتیں نہیں چلیں گی، عوام کے فیصلے کے آگے سر تسلیم خم کیا جائے، جے یو آئی کے کارکن میدان عمل میں ہوں گے، کامیابی مقدر بنے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں آئین کی حکمرانی چاہتے ہیں، ہم آگے بڑھ کر ملک میں انقلاب برپا کردیں گے، اللہ کی طاقت ہمارے ساتھ ہے، حکومت کے خلاف کھڑے رہیں گے، بٹگرام اجتماع سے ثابت ہوگیا عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ ملک کی سلامتی کو مقدم رکھنے والوں کو کیوں مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے نوٹس پر اسلام آباد پر قبضہ کرلیں، ایک ہفتہ لگے گا اور پورا اسلام آباد ان کے ہاتھ میں ہوگا لیکن ہم یہ سوچ رہے ہیں کہ ملک کے حالات اس حد تک نہ جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقت ور قوتیں اپنی طاقت پر اتنا بھی بھروسہ نہ کریں کہ بس وہ آخری قوت ہے اور انہیں کوئی قوت چیلنج نہیں کرسکے گی، ہم نے سخت حالات میں امریکا کو چینلج کیا، عالمی قوت کو چینلج کیا، ہم بھرپور عوامی قوت کے ساتھ سیاسی جنگ لڑیں گے، قانون وآئین کی پیروری کرتے ہوئے اس ملک کے نظام کو تبدیل کریں گے۔


