بلوچ وومن فورم کی رہنما ڈاکٹر شلی بلوچ اور دیگر ساتھیوں کی گرفتاری شرمناک عمل ہے، بی ایس او
کوئٹہ (پ ر) ڈاکٹر شلی بلوچ سمیت بلوچ وومن فورم کے رہنماﺅں کی گرفتاری انتہائی شرمناک عمل ہے،فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی چیئرمین بالاچ قادر بلوچ نے گوادر سے بلوچ وومن فورم کے آرگنائزر ڈاکٹر شلی بلوچ اور انکے ساتھیوں کی گرفتاری کو حیران کن اور شرمناک عمل قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر پولیس بغیرکسی مقدمے کے ان کو جبری طورپرگرفتار کرلیا ہے جو آئین جی سراسر خلاف ورزی ہے۔ چیئرمین بی ایس او نے کہا ہے کہ آئین میں ہرشہری کو اجتماعات منعقد کرنے،سیاسی تحریک چلانے اور اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے۔ ڈاکٹر شلی بلوچ اور انکے ساتھی گوادر میں منعقد ہونے والے پرامن کانفرنس کے سلسلے میں کمپین کررہے تھے جنہیں بغیرکسی وجہ پولیس گرفتار کرکے تھانہ منتقل کردیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا ہے کہ پرامن آوازوں کو دبانے کے غیرآئینی ہتھکنڈے انسانی بنیادی حقوق کو سلب کرنے کے مترادف ہیں،سیاسی کارکنان پر کریک ڈاﺅن مزید نفرتوں کا موجب بنے گا۔ چیئرمین بی ایس او نے کہا ہے کہ گوادر پولیس ڈاکٹرشلی بلوچ اور انکے ساتھیوں کو فوری طورپرباعزت رہاکرے۔


