ضلع کچھی میں چوروں اور ڈاکوﺅں کا راج ہے، حکومت اکبر بلوچ کے قاتلوں کو گرفتار کرے، نیشنل پارٹی
مچھ (پ ر) نیشنل پارٹی ضلع کچھی کا اہم اجلاس زیر صدارت وڈیرہ بشیر احمد چھلگری منعقد ہوا، جس میں مچھ، بھاگ اور ڈھاڈر سے پارٹی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی سیکرٹری رپورٹس پیش کی گئیں، جبکہ مرکزی خواتین سیکرٹری محترمہ یاسمین بلوچ مہمانِ خصوصی تھیں۔
اجلاس سے نیشنل پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ چنگیز حئی بلوچ، مرکزی رہنما چیئرمین منصور بلوچ، چیئرمین مہراب خان مری، واحد رحیم بلوچ، صوبائی انفارمیشن عبید لاشاری، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری میران بلوچ، ضلعی جنرل سیکرٹری ماما عبدالستار بنگلزئی، سابق کسان سیکرٹری غنی بلوچ، مختار احمد چھلگری، خواتین رہنما حمیدہ فدا، ثوبیہ خان، عبداللہ بلوچ، خدائے رحیم بلوچ، امان اللہ خلجی، وفا مراد سومرو، ملک اسداللہ بنگلزئی، حاجی خان چھلگری اور دیگر نے نصیرآباد ڈویژن خصوصاً ضلع کچھی میں بڑھتی ہوئی چوری، ڈکیتی اور بدامنی کی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں عوام کے جان و مال غیر محفوظ ہوچکے ہیں اور چوروں و ڈاکوﺅں کا راج قائم ہے۔ مقررین نے نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما اکبر بلوچ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر سخت ردعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے۔ اجلاس میں کچھی کینال منصوبے کی تاخیر پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ منصوبہ طویل عرصے سے کٹھائی میں پڑا ہے، جسے جلد از جلد مکمل کر کے غیر آباد زمینوں کو سیراب کیا جائے تاکہ زراعت کو فروغ ملے۔ اجلاس کے دوران ایک 7 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جو ایم پی اے میر عاصم کرد گیلو کے ساتھ گزشتہ عام انتخابات میں ہونے والے اتحاد پر غور و فکر کرے گی اور یہ فیصلہ کرے گی کہ آیا آئندہ بھی یہ سیاسی اتحاد برقرار رکھا جائے، یا نہیں رہنماﺅں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیشنل پارٹی ایک فکری، سیاسی اور عوامی نمائندہ جماعت ہے جو بلوچستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔


