بحریہ ٹاﺅن کی پراپرٹی کی نیلامی کا عمل روکا جائے، ملک ریاض نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) بحریہ ٹاﺅن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی، جس میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ 7 اگست کو ہونے والی پراپرٹی کی نیلامی کا عمل روکا جائے۔ سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک نے بحریہ ٹاﺅن کے مالک ملک ریاض کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں اپیل دائر کی، وکیل درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل منظور کی جائے۔ گزشتہ روز بحریہ ٹاﺅن کے مالک ملک ریاض نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس“ (سابقہ ٹویٹر) پر ایک بیان بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ حکومتی اداروں کی جانب سے حالیہ چند ماہ میں مختلف کارروائیوں کی وجہ سے بحریہ ٹاﺅن کا آپریشن شدید متاثر ہوچکا ہے اور اس کے نتیجے میں کمپنی کی مالی حالت بحران کا شکار ہوگئی ہے۔ ملک ریاض نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کیخلاف حکومتی اداروں کی جانب سے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں جن میں کمپنی کے بینک اکاﺅنٹس کی منجمدی، عملے کی گاڑیوں کی ضبطی اور درجنوں اسٹاف ارکان کی گرفتاری شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دباﺅ کی وجہ سے بحریہ ٹاﺅن کی رقوم کی روانی تباہ ہوچکی ہے اور روزمرہ سروسز فراہم کرنا ناممکن ہوچکا ہے۔ ہم اپنے اسٹاف کی تنخواہیں ادا کرنے کے قابل نہیں ہیں اور حالات اس حد تک پہنچ چکے ہیں کہ ہم پاکستان بھر میں بحریہ ٹاون کی تمام سرگرمیاں مکمل طور پر بند کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔“ تاہم، ملک ریاض نے اس فیصلے کو آخری قدم قرار دیا اور کہا کہ وہ ابھی بھی اس فیصلے سے پیچھے ہٹنے کا ارادہ رکھتے ہیں، لیکن زمینی حالات بدتر ہو چکے ہیں۔


