ملک بھر میں بارشوں کے باعث حادثات میں مزید 21 افراد جاں بحق ہوگئے

اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی ہے جبکہ ملک کے جنوبی ساحلی شہر کراچی میں منگل کی موسلادھار بارش کے بعد بدھ کی صبح بھی مختلف علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ شہر میں ریسکیو حکام نے بارش کے باعث حادثات میں دس ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 اموات ہوئیں جن میں سے دس کراچی جبکہ 11 گلگت بلتستان میں ہوئیں۔ این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ اور سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔ منگل کو اپنے بیان میں این ڈی ایم اے نے کہا کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع بشمول کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، مستونگ، نوشکی اور بارکھان میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے اور مری، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں