حکومت کا کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ
کوئٹہ (آن لائن) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صفا کوئٹہ انٹی گریٹڈ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کا اہم اجلاس منگل کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کوئٹہ کے 84 وارڈز سے روزانہ اوسطا ایک ہزار ٹن کچرا اٹھایا جارہا ہے جبکہ اب تک شہر سے 2 لاکھ 81 ہزار ٹن کچرا تلف کیا جاچکا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ شہر کے 18 بڑے نالوں کی صفائی بھی مکمل کرلی گئی ہے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے پروجیکٹ کو مزید مثر اور فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک بیگز پر پابندی سے نہ صرف ماحول کو آلودگی سے بچایا جا سکے گا بلکہ شہر کی صفائی اور خوبصورتی کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے یہ اقدامات تبھی کامیاب ہوسکتے ہیں جب عوام ان میں بھرپور تعاون کریں۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ پلاسٹک بیگز کے بجائے ماحول دوست تھیلوں کے استعمال کو فروغ دیں وزیر اعلی بلوچستان نے عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو ماحولیاتی بہتری اور صفائی ستھرائی کے لحاظ سے ایک ماڈل شہر بنایا جائے گا تاکہ یہ دیگر شہروں کے لیے بھی مثال بن سکے


