افغان لڑکا طیارے کے لینڈنگ گیر میں چھپ کر کابل سے دہلی پہنچ گیا

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان سے انڈیا آنے والی پرواز نے سکیورٹی سمیت تمام اہلکاروں کو اس وقت حیرانی میں مبتلا کر دیا جب لینڈنگ گیئر میں چھپ کر ایک 13 سالہ افغان لڑکا دہلی پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔ خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کا کہنا ہے کہ اندرا گاندھی ایئر پورٹ پر ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد اس لڑکے کو اسی فلائٹ سے واپس افغانستان روانہ کر دیا گیا۔ نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ افغانستان کی کام ایئر لائن کی فلائٹ RQ 4401 جب کابل سے دہلی پہنچی تو جہاز کے عملے نے ایک لڑکے کو طیارے کے قریب چلتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے فوری طور پر ایئر پورٹ سیکورٹی حکام کو مطلع کیا جو اسے تحقیقات کے لیے ٹرمینل پر لے گئے۔ لڑکے نے تفتیش کے دوران بتایا کہ اس کا تعلق افغانستان کے صوبے قندوز سے ہے۔ انڈین حکام نے افغان لڑکے کا نام اور شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں