پاکستان میں میری شہادت کی اطلاع پھیلی ہے، غیر انسانی محاصرہ توڑ کر غزہ ضرور پہنچیں گے، مشتاق احمد خان
اسلام آباد (آئی این پی) پرامن گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل رہنما جماعت اسلامی پاکستان و سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے اپنی شہادت کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہادت ایک بہت بڑا رتبہ ہے، اللہ مجھے اس وقت تک شہادت نہ دے جب تک میں غزہ کو اپنی آنکھوں سے نہ دیکھ لوں، اسرائیل کا خاتمہ نہ دیکھ لوں اور جب تک مجھے مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کرنا نصیب نہ ہو۔تفصیل کے مطابق گلوبل صمود فلوٹیلا غزہ کی جانب رواں ہے جس کا بنیادی مقصد اسرائیلی محاصرہ توڑ کر مظلوم فلسطینیوں تک خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیا پہنچانا ہے۔ چھوٹے بحری جہازوں پر مشتمل قافلے میں 44 ممالک کے انسانی حقوق کے کارکن، سیاستدان و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سوار ہیں۔ اس میں رہنما جماعت اسلامی پاکستان و سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی سوار ہیں۔ مشتاق احمد خان نے اپنے فیس بک اکاﺅنٹ سے وڈیو جاری کی جس میں انہوں نے کہا کہ کچھ ساتھیوں نے بتایا ہے کہ پاکستان میں میری شہادت کی اطلاع پھیلی ہے۔ سابق سینیٹر نے کہا کہ شہادت ایک بہت بڑا رتبہ ہے، اللہ مجھے اس وقت تک شہادت نہ دے جب تک میں غزہ کو اپنی آنکھوں سے نہ دیکھ لوں، اسرائیل کا خاتمہ نہ دیکھ لوں اور جب تک مجھے مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کرنا نصیب نہ ہو۔مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ ہم غزہ جائیں گے اس غیر قانونی اور غیر انسانی محاصرے کو توڑیں گے، نسل کشی کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ سفر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اب ہم غزہ کی طرف بین الاقوامی پانیوں میں ہیں، یہ آخری مگر فیصلہ کن مرحلہ ہے، 3 دن اور3 راتوں کا سفر کل شام سے شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ آواز اٹھائیں، قدم بڑھائیں اور حکومت کو گلوبل صمود فلوٹیلا کو تحفظ دینے کیلئے بھرپور مہم چلائیں، ہمارا پرامن انسانی امدادی کاروان ہے۔


