بلوچستان ہائی کورٹ نے بوستان اسپیشل اکنامک زون کو فعال بنانے کے احکامات جاری کردیے

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان ہائی کورٹ نے بوستان اسپیشل اکنامک زون کو فعال بنانے کے حوالے سے اہم احکامات جاری کیے ہیں۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ایڈووکیٹ منیر احمد کاکڑ کی دائر کردہ درخواست بنام اسٹیبلشمنٹ ڈویژن و دیگر کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران بوستان اسپیشل اکنامک زون انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیف فنانس آفیسر سعد اللہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بوستان اکنامک زون پہلے ہی فعال ہو چکا ہے۔ اس وقت زون میں 3 فیکٹریاں کام کر رہی ہیں جبکہ مزید 12 فیکٹریوں کو جلد مکمل و فعال کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کے تقریباً 15 ہزار 520 افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔عدالت نے چیف فنانس آفیسر کے بیان کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کو ہدایت کی کہ بوستان اسپیشل اکنامک زون انڈسٹریل اسٹیٹ کو 15 دسمبر 2025 تک مکمل اور فعال بنایا جائے۔ مزید برآں، عدالت نے ہدایت کی کہ 16 دسمبر 2025 کو درخواست کی پیروی کے لیے معاملہ دفتر میں مقرر کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں