مریم نواز کا بیان میرا پانی میری مرضی سے سندھ اور بلوچستان کے عوام کی دل آزاری ہوئی ہے، صادق عمرانی
کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے بیان "میرا پانی میری مرضی” پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور مضحکہ خیز ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے جذباتی بیان سے نہ صرف ملکی وحدت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے بلکہ صوبوں کے درمیان پائی جانے والی ہم آہنگی کو بھی خطرات لاحق ہونگے، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی وحدت وسائل پر صوبوں کا اختیار اور ملکی اکائیوں کے درمیان برابری کے اصول کی حمایت کی ہے لہذا ان حالات میں مریم نواز کے بیان سے سندھ اور بلوچستان کے عوام کی دل آزاری ہوئی ہے، صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ دریا سندھ جس کا نام ہی سندھ کے پانی کے ساتھ منسوب ہے یہ دریا صوبہ سندھ ہی کا ہے لہذا وزیر اعلی پنجاب کو زمینی حقائق کے برخلاف اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ محترمہ مریم نواز کے طرز سوچ پر اگر دیگر صوبوں نے اپنے اپنے وسائل پر اپنی مرضی کی بات شروع کی تو اس کا نقصان بڑے صوبوں کو ہوگا، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ اس طرز عمل کی امید ہم ہندوستان سے رکھ سکتے ہیں جو شروع دن سے ہی پاکستان کا دشمن ہے اور دریاں کے پانی کے حوالے سے بھارت کے حکمرانوں کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ پانی کارڈ کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان دشمنی کا ثبوت دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی غیر ذمہ دارانہ بیان سے سندھ اور بلوچستان میں بے چینی اور بداعتمادی کی لہر دوڑ اٹھی ہے جو کسی بھی طرح ملکی وحدت کیلئے صحیح نہیں ۔


