بارڈربندش سے لاکھوں افراد کا ذریعہ معاش متاثر ، حکومت کو نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے ہوں گے، ڈاکٹر مالک

تربت(نمائندہ انتخاب)نیشنل پارٹی مکران ریجن کا اجلاس ریجنل سیکریٹری واجہ ابوالحسن کی صدارت میں تربت میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، اجلاس کے مہمان خاص مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ تھے، اجلاس میں تنظیمی امور، موجودہ سیاسی صورتحال، گوادر میں پانی کے بحران، بارڈر کاروبار کی بندش اور دیگر اہم سیاسی و سماجی امور و مسائل پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بارڈر کاروبار لاکھوں افراد کا ذریعہ معاش ہے اور اس کی بندش سے عوام شدید متاثر ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اس وقت ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے، جس کے حل کے لیے حکومت کو نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے ہوں گے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بارڈر کاروبار سے وابستہ افراد کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اور موثر اقدامات کرے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے گوادر میں پانی کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، سی پیک کے نام پر اربوں ڈالر خرچ ہوئے لیکن گوادر کے عوام آج بھی پانی کے لئے ترس رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ گوادر میں پانی کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی عوام دوست جماعت ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی، انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی جمہوری سیاست پر یقین رکھتی ہے اور کارکنان کو چاہیے کہ پارٹی کے بیانیے اور سیاسی پروگرام کو منظم انداز میں گھر گھر پہنچائیں انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی محنت سے گزشتہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی، لیکن پارٹی کے مینڈیٹ کو فارم 47 کے ذریعے تبدیل کیا گیا، اجلاس سے نیشنل پارٹی کے ریجنل سیکریٹری واجہ ابوالحسن بلوچ نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں باقاعدگی سے تنظیمی سرگرمیاں اور سیاسی سرکلز کا انعقاد کیا جائے گا انہوں نے اعلان کیا کہ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کی برسی 12 نومبر کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی اور پارٹی کارکنان جلسہ عام کی بھرپور تیاری کریں، اجلاس میں مکران ریجن کے تینوں اضلاع پر مشتمل دورہ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی،اجلاس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فداحسین دشتی، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری واجہ حمل بلوچ،، مرکزی کمیٹی کے رکن کہدہ اکرم دشتی، جسٹسں (ر) شکیل احمد بلوچ، مرکزی رہنما سابق صوبائی وزیر لالا رشیددشتی، حاجی صالح بلوچ، واجہ اشرف حسین، رجب یاسین، ضلعی صدر گوادر عبدالغفور ہوت، بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار کے چیئرمین بوہیر صالح، ڈپٹی ریجنل سیکرٹری طاہرہ خورشید، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری انور اسلم، صوبائی میڈیا سیکرٹری حفیظ علی بخش، ورکنگ کمیٹی کی رکن بی بی شاری ابوالحسن،ورکنگ کمیٹی کے اراکین فداجان بلیدی، محسن بھٹو، بجار بلوچ، ڈاکٹر محمد نور بلوچ،ضلع کیچ کے صدر یونس جاوید، پنجگور کے ضلعی صدر حاجی ایوب، محمد حیاتان، مشکور انور، سرتاج گچکی، رفیق جمعہ، عنایت اللہ، صمد صادق اور محمد اسماعیل نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں