قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیز فائر کا معاہدہ طے پا گیا

دوحہ (ویب ڈیسک) پاکستان اور افغانستان کے درمیان قطر میں ہونیوالے مذاکرات میں سیز فائر کا معاہدہ طے پا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 اکتوبر کو دونوں ملکوں کے درمیان استنبول میں دوبارہ وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین سیز فائر کا معاہدہ طے پاگیا ہے، پاکستان کی سرزمین پہ افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ فی الفور بند ہوگا، دونوں ہمسایہ ملک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے۔ خواجہ آصف نے بتایا کہ 25اکتوبر کو استنبول میں دوبارہ وفود میں ملاقات ہوگی، اور تفصیلی معاملات بات ہوگی، ہم قطر اور ترکیہ دونوں برادر ممالک کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ اس سے قبل قطر کی وزارت خارجہ نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں دوحہ میں مذاکرات کے ادوار ہوئے، مذاکرات کے دوران فریقین نے فوری جنگ بندی اور دونوں ملکوں میں دیرپا امن و استحکام کو مضبوط کرنے کے طریقہ کار کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے جنگ بندی کے تسلسل اور اس پر قابل اعتماد اور پائیدار عملدرآمد کے لیے آئندہ دنون میں فالو اپ ملاقاتوں پربھی اتفاق کیا ہے، تاکہ دونوں ممالک میں امن و استحکام کے قیام میں مدد مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں