کوئٹہ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت، شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک
کوئٹہ(صباح نیوز) شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر ڈاکوﺅں نے شہری سے رقم لوٹنے کی کوشش کی جس دوران شہری اور ڈاکوﺅں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ڈاکو موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک شہری بینک سے رقم نکالنے کے بعد واپس جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ڈاکوﺅں نے اسے روک کر رقم چھیننے کی کوشش کی۔ شہری کی مزاحمت پر ڈاکوﺅں نے فائرنگ کی، جس پر شہری نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی لاش سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دی گئی ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور فرار ہونے والے ڈاکو کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Load/Hide Comments


