پنجاب میں اس سال بھی بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکیں گے، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دیدیا
لاہور (انتخاب نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں طویل عرصے سے مو¿خر بلدیاتی انتخابات کے لیے جاری کردہ حلقہ بندیوں کا شیڈول واپس لے لیا ہے۔ یہ فیصلہ نئے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے نفاذ کے بعد کیا گیا ہے، جس نے 2022 کے سابقہ بلدیاتی قانون کو منسوخ کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو چار ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ نئے قانون کے مطابق حلقہ بندی اور حد بندی کے قواعد کو حتمی شکل دے۔ اگر مقررہ مدت میں کام مکمل نہ ہوا تو کمیشن نے عندیہ دیا ہے کہ وہ ”مناسب فیصلہ“ کرے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اب اس سال پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے۔ تاہم، کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اس عمل میں مزید کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔ یہ فیصلہ منگل کے روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب اسمبلی نے نیا بلدیاتی ایکٹ 2025 منظور کرلیا ہے، جس کی منظوری گورنر پنجاب نے بھی دے دی ہے۔ نئے ایکٹ کے نفاذ کے بعد 2022 کے قانون کے تحت جاری تمام نوٹیفکیشنز اور حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔


